عمران خان ایک فائٹر تھے اور ہیں: وسیم اکرم

March 21, 2021

سوئنگ کے سلطان اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے وزیراعظم عمران خان کو فائٹر قرار دے دیا۔

وسیم اکرم نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے پیغام میں لکھا کہ ’عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر سُن کر بہت افسوس ہوا۔‘

سابق کرکٹر نے لکھا کہ ’پوری قوم کی دعاؤں سے ہمارے وزیراعظم عمران خان اس وبا کا بھی مقابلہ کرلیں گے۔‘

اُنہوں نے عمران خان کو فائٹر قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایک فائٹر ہمیشہ فائٹر ہی رہتا ہے۔‘

وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹ کے ہیش ٹیگ میں لکھا ’ہمارے فائٹر جلدی سے ٹھیک ہوجائیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا جس کی اطلاع عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دی تھی۔

فیصل سلطان نے کہا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ خاتون اوّل بشریٰ بی بی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں جس کی اطلاع عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری نے دی۔