مریم نواز کی نیب پیشی، کارکن ساتھ لانےسے روکنےکی درخواست نمٹا دی گئی

March 25, 2021


لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو نیب پیشی پر کارکنوں کو ساتھ لانے سے روکنے کی نیب کی درخواست نمٹا دی۔

مریم نواز کو نیب پیشی پر کارکنوں کو ساتھ لانے سے روکنے کی نیب کی درخواست پر سماعتلاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے کی جن میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال شامل تھے۔

دوران سماعتجسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہیہ تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کو یقینی بنائے،آپ یہ معاملہ عدالت کیوں لے آئے ہیں؟ ریاست کہاں ہے؟عدالت کو اس سیاسی کام میں کیوں لایا جا رہا ہے؟

سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ اگر کوئی قانون کی پاسداری نہیں کرے گا تو قانون اپنا راستہ بنائے گا،ہر شہری کی ذمہ داری ہےکہ وہ قانون کی پاسداری کرے،درخواست آئین کے آرٹیکل 5 کی عملداری کیلئے دائر کی گئی۔

نیب لاہور نے درخواست میں موقف دیا تھا کہ مریم نواز 26 مارچ کو پیشی پر اکیلے آئے، کارکنوں کو ساتھ لانا تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے۔ مریم نواز کو دو کیسوں میں طلب کیا ہے۔

درخواست کے مطابق مریم نواز نے پی ڈی ایم کے کارکنوں کے ساتھ نیب میں پیش ہونے کا اعلان کیا ہے، مریم نواز نے دھمکی دی ہے کہ وہ اکیلی نیب میں پیش نہیں ہوں گی۔

نیب لاہور درخواست میں کہا گیا تھا کہ مریم نواز انکوائری میں پیش ہونے کے بجائے نیب تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں، مریم نوازکو پابند کیا جائے کہ وہ پیشی کے وقت مجمع کےساتھ نہ آئیں۔