مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش نہیں ہوں گی، نیب نے مریم نواز سے جو بھی تفتیش کرنی ہے کرے۔
لاہور سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کے لیے نیب اپنی مرضی کا احتساب چاہتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ نیب آفس کے باہر کارکنوں کا جمع ہونا ان کا جمہوری حق ہے۔
مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پچھلی مرتبہ بھی نیب نے حالات خراب کیے کارکنوں کو اشتعال دلایا گیا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی 12 اپریل تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو گرفتار ی سے روک دیا، مریم نواز نے درخواست میں استدعا کی کہ تمام مقدمات سیاسی ہیں، خدشہ ہے کہ پیشی کے موقع پر نیب گرفتار کرلے گا۔
نیب نے اب مریم نواز کو 2 انکوائریوں میں 26 مارچ کو طلب کیا ہے، نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا جارہا ہے، مریم نواز کیخلاف درج مقدمات کی فہرست ثابت کرتی ہے کہ تمام مقدمات سیاسی ہیں، ایک ہزار480 کنال اراضی کی تحقیقات کیلئے نوٹس پہلے میڈیا کو دیا گیا پھر درخواست گزار کو ارسال کیا گیا۔