2020ء میں بہترین قرار دی جانے والی عمارتیں

April 04, 2021

آجکل بننے والی عمارتوں میں خوبصورتی، تخلیقیت اور فعالیت پر زیادہ زور دیا جاتا ہے۔ عمارت کی تعمیر کے بعد اس کی اصل شکل سامنے آتی ہے۔ جدید فن تعمیر نئی اور جدید ٹیکنالوجیز پر مبنی ہے، جس میں خاص طور پر شیشے، اسٹیل، کنکریٹ اور لکڑی کا استعمال جبکہ ہریالی کو شامل کرنے توجہ دی جاتی ہے۔ ساتھ ہی انسانی صحت اور ماحولیات پر تعمیراتی منصوبوں کے مضر اثرات کو کم کرنے کو بھی ترجیحات میں شامل رکھا جاتا ہے۔

ماحول دوست تعمیراتی مواد اور تعمیراتی طریقوں کے انتخاب کے ذریعے ہوا، پانی اور زمین کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ گزشتہ سال تعمیرات کے مختلف شعبوں میں معیاری فن تعمیر کے حوالے سے لوگوں کی رائے معلوم کی گئی۔ لوگوں کی اکثریت نے ہر شعبے میں جن تعمیرات کے حق میں فیصلہ دیا ان کا ذیل میں ذکر کیا جارہا ہے۔

انٹیریئر آرکیٹیکچر

چین کے شہر چانگ کنگ میں زوڈی پلازہ کی تیسری اور چوتھی منزل پر واقع زونگشگ بُک اسٹور کا انتخاب بہترین انٹیریئر آرکیٹیکچر کے حوالے سے کیا گیا ہے۔ 2019ء میں بنائے گئے اس بُک اسٹور کا رقبہ 1300مربع میٹر ہے۔ اندر داخل ہونے پر لابی میں چراغوں کی شکل والی کتابوں کی شیلفس نظر آتی ہیں۔ مرکزی حصے میں سیڑھیاں دو رویہ ہوجاتی ہیں اور چھت پر لگا آئینہ کمرے کے سائز کو مزید دگنا دکھاتا ہے۔

آفس آرکیٹیکچر

2019ء میں امریکا کے شہر لاس اینجلس میں تعمیر کی جانے والی دفتر کی عمارت ’سیکنڈ ہوم‘ کو آفس آرکیٹیکچر کی کیٹیگری میں بہترین قرار دیا گیا ہے۔ 40ہزار 340مربع فٹ رقبے پر بیضوی شکل کے60انفرادی دفاتر اور میٹنگ رومز بنائے گئے ہیں۔ اگر ان کا فضائی نظارہ کیا جائے تو یہ پیلے رنگ کے نرگس کے پتوں کا ایک بڑا گروپ معلوم ہوتا ہے۔ دفاتر کے اردگرد باغ بنے ہیں جن میں تقریباً6,500درخت لگائے گئے ہیں۔

انڈسٹریل آرکیٹیکچر

ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ’کوپن ہل‘ نامی پلانٹ کو بہترین انڈسٹریل آرکیٹیکچر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ فضلہ سے توانائی حاصل کرنے کا یہ پلانٹ41ہزار مربع میٹر رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس میں شہری تفریحی مرکز (اسکائی سلوپ، ہائیکنگ ٹریل اور کلائمبنگ وال) اور ماحولیاتی تعلیم کا مرکز بھی قائم کیا گیا ہے۔ پلانٹ کی تعمیر2025ء تک کوپن ہیگن کو دنیا کا پہلا ’کاربن نیوٹرل‘ شہر بنانے کے اہداف کے تحت کی گئی ہے۔

ہیلتھ کیئر آرکیٹیکچر

جرمنی کے شہر میونخ کے مضافات میں واقع جنگل میں مراقبہ کیلئے تعمیر کی گئی لکڑی کی عمارت کا ہیلتھ کیئر کیٹیگری میںچناؤ کیا گیا ہے۔ میڈیئیشن ہاؤس نامی اس عمارت کی تعمیر کے ساتھ اطراف میں چیڑ کے درخت اُگائے گئے تاکہ جنگل اور عمارت کے مابین تعلق قائم ہوسکے، ان کی چوڑائی 30ملی میٹر تک ہے۔ اس کے کیبن میں لوگ یوگا اور مراقبہ کی مشق کرسکتے ہیں۔ روشندان سے آتی روشنی درختوں کی ٹہنیوں سے منتشر ہوتی ہے۔