زیادہ کورونا کیسز والے اضلاع میں خصوصی احتیاطی مہم چلائی جائے، محمود خان

April 09, 2021

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کورونا وائرس کے زیادہ کیسز والے اضلاع میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کردی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزیر صحت اور چیف سیکریٹری سمیت محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں کورونا کیسز کی شرح، اسپتالوں کی استعداد کار خصوصاً بڑے اسپتالوں میں آکسیجن کے حوالے سے بتایا گیا۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ فی الوقت صوبہ کے بڑے اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لئے بیڈز کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے اور مزید اضافہ جاری ہے۔ جبکہ گذشتہ چند ہفتوں میں صوبہ کے بڑے اسپتالوں میں 29 آئی سی یو، 257 ایچ ڈی یو اور 272 لو فلو بیڈز کا اضافہ کیا گیا ہے اور بڑے اسپتالوں میں مزید 116 آئی سی یو بیڈز، 398 ایچ ڈی یو بیڈز اور 840 لو فلو بیڈز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 15.4 فیصد ہے جبکہ گذشتہ روز صوبہ بھر میں 8 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے مطابق ایک ہفتے میں ضلع بونیر میں مثبت کیسز کی شرح 26 فیصد، پشاور میں 23 فیصد، نوشہرہ میں 20 فیصد، مردان میں 21 فیصد اور بونیر میں 25 فیصد رہی۔