بینک کے 34 لاکرز توڑ کر ڈاکو طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی اشیا لے اڑے

April 12, 2021

بینک کے 34 لاکرز توڑ کر ڈاکو طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی اشیا لے اڑے

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سخی حسن کے قریب واقع نجی بینک میں ڈاکوؤں کا دھاوا،ملزمان بینک کے 34 لاکرز توڑ کر طلائی زیوارات ،نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء لے اڑے،تفصیلات کے مطابق تیموریہ تھانے کی حدود سخی حسن چورنگی کے قریب واقع نجی بینک میں ہفتے کی شب چار مسلح ملزمان داخل ہوئے اور بینک لاکرز کو کاٹ کر شہریوں کی قیمتی اشیاء لوٹ کر با آسانی فرار ہو گئے،واقعہ کی اطلاع اتوار کی صبح ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے،ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کیپٹن (ر )حیدر رضا نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا،انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 260 لاکرز بینک میں موجود ہیں ،34 لاکرز توڑے گئے ہیں جن میں سے 3 لاکرز خالی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ چار مسلح ملزمان کی جانب سے واردات کی گئی،ملزمان نے مین اسٹوریج توڑنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے،انہوں نے بتایا کہ بینک میں موجود سیکورٹی گارڈ کا کردار بھی مشکوک ہے جسے حراست میں لے لیا گیا ہے، رات 8 بجے تک بینک کے اندر تعمیراتی کام چل رہا تھا بینک انتظامیہ کی جانب سے اضافی سیکورٹی کا بندوبست نہیں کیا گیا، واقعہ ہفتہ کی شب تقریباً 9:30 بجے پیش آیا،بینک کی سکیورٹی پر تعینات سیکورٹی گارڈ اپنے کسی رکشا والے دوست کے ساتھ کھانا کھانے گیاتھا جو کہ ممکنہ طور پر ڈاکوؤں کا ساتھی تھا،واپس آکر سکیورٹی گارڈ نے جب بینک کا دروازہ کھولا تو ملزمان پہلے سے وہاں موجود تھے اور اسکے ساتھ ہی بینک میں داخل ہو گئے،ملزمان کئی گھنٹے بینک میں اندر موجود رہے،طریقہ واردات سے لگتا ہے کہ ملزمان کو پہلے سے معلومات تھیں،ملزمان اپنے ساتھ کٹر اور سلنڈر لائے تھے،انہوں نے بتایا کہ بینک میں تعینات گارڈ الگ سیکورٹی کمپنی کا تھا جبکہ رات کو بینک کی سیکورٹی دوسری کمپنی کے پاس تھی،دوسری سکیورٹی کمپنی کی گاڑی معمول کے گشت پر ہفتے کی رات کو بینک کے باہر آئی اور بینک کے اندر کاجائزہ لئیے بغیر واپس چلی گئی ،صبح نجی سکیورٹی کمپنی کی گاڑی دوبارہ آئی،اس وقت دو ملزمان بینک کے باہر کھڑے ہوئے تھے اور بینک کا دروازہ کھلا تھا،ملزمان کے ساتھ ایک سکیورٹی گارڈ کی ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم حیرت انگیز طور پر گاڑی میں موجود دیگر سکیورٹی گارڈز نے ملزمان پر فائرنگ نہیں کی اور گاڑی اسی طرح واپس روانہ ہو گئی جسکے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے اور جاتے ہوئے بینک کا ڈی وی آر سسٹم اور بینک میں تعینات سکیورٹی گارڈ کا اسلحہ بھی لے گئے۔