ویرات کوہلی بابر اعظم کی تکنیک سے بیٹنگ بہتر کرسکتے ہیں: عاقب جاوید

April 12, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا ماننا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ تکنیک سے سیکھ کر بیٹنگ میں مزید نکھار لا سکتے ہیں۔

عاقب جاوید نے اپنے ایک حالیہ انٹریو میں کہا کہ 26 سالہ کرکٹر بابر اعظم کو ویرات کوہلی جیسی فٹنس رکھنے کیلئے کوشش کرنی چاہیئے۔

پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا کہ ویرات کوہلی کے پاس اسٹروکس کھیلنے کے لیے زیادہ تکنیک ہے لیکن وہ بابر اعظم کی تکنیک سے اپنی بیٹنگ مزید بہتر کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب آپ بابر کو بیٹنگ کرتا دیکھیں تو اندازہ ہوگا کہ ان کی اننگز میں کوئی کمزوری نہیں جیسے ہم سچن ٹنڈولکر کی بیٹنگ میں دیکھتے ہیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ بابر تکنیکی طور پر ویرات کوہلی سے زیادہ محفوظ اور مستحکم ہیں۔