پنجاب کے 13 اضلاع میں اسکولز کا شیڈول جاری

April 16, 2021


پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ صوبے کے 13 اضلاع میں پہلی تا آٹھویں جماعت اسکول عید الفطر تک بند رہیں گے، جبکہ 9ویں تا 12ویں جماعت تک اسکول 19 اپریل سے کھل جائیں گے۔

مراد راس نے اپنے بیان میں کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کلاسز دو روز پیر اورجمعرات کو ہوں گی، ان دو دنوں میں طالب علموں کی 50 فیصد حاضری ہوگی۔

وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ 13اضلاع میں راول پنڈی، لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یارخان، ڈی جی خان اور شیخوپورہ شامل ہیں۔

مراد راس نے کہا کہ صوبے بھر میں نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، اولیول ،اے لیول کے امتحانات بھی شیڈول کے مطابق لئے جائیں گے۔