پشاورمیں انتظامیہ مہنگائی کو کنٹرول نہ کر سکی

April 19, 2021

پشاور( وقائع نگار)رمضان کے پانچ روزے گزر جانے کے باوجود پشاورمیں انتظامیہ مہنگائی کو کنٹرول نہ کر سکی اور سبزیوں،پھل،گوشت،مرغی سمیت دیگر اشیائے خوردونوش انتہائی مہنگے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔ رمضان سے پہلے صوبائی دارالحکومت پشاورمیں آنے والا مہنگائی کا طوفان رمضان کے پانچ روزے گزر جانے کے باوجود بھی نہیں تھم سکا ہے اور بدستور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر کے فروخت جاری ہے۔گوشت کے بعد اب سبزیوں کی خریداری بھی شہریوں کیلئے مشکل ہوگئی ہے۔ٹماٹر نے سنچری پوری کرلی ہے جبکہ پیاز 80روپے فی کلو تک جا پہنچا ہے۔آلو70،بھنڈی150،مٹر200جبکہ کریلا بھی 100روپے کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔اسی طرح گائے کا گوشت 600بکرے کا گوشت 1200روپے کلو تک جاپہنچا ہے۔ساتھ ہی مرغی کی قیمت میں ر وزانہ کے حساب سے اضافہ کیاجارہا ہے۔پھلوں میں سیب200،امرود150اور اسٹرابری200روپے جبکہ خربوزہ120روپے میں فروخت کیاجارہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ رمضان المبار ک کے دوران صرف مہنگائی کنٹرول کرنے کے دعوے کر رہی ہے لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے۔