’’30 انڈر 30‘‘ میں جگہ بنانے پر عبد ﷲ صدیقی کو شوبز شخصیات کی مبارکباد

April 21, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گلوکار عبد ﷲ صدیقی نے انٹرٹینمنٹ اور اسپورٹس کیٹگری میں فوربز کی ” 30 انڈر 30ایشیاء ‘‘ فہرست میں جگہ بنالی ہے۔ معروف امریکی جریدہ فوربز ہرسال مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اور مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ” 30 انڈر 30‘‘فہرست جاری کرتا ہے۔ فہرست میں 30 سال یا اس سے کم عمروالے افراد کا نام شامل کیا جاتا ہے جنہوں نے مختصرمدت میں نمایاں مقام حاصل کیا ہو۔انسٹاگرام پراس حوالے سے فالوورز کیلئے کی جانے والی پوسٹ میں عبدﷲ نے لکھا ” میں پوری طرح سے دنگ اور انتہائی شکرگزار ہوں۔ ہر ایک کا شکریہ جس نے یہاں پہنچنے میں میری مدد کی ” ۔فوربز کی جانب سے دیے جانے والے پروفائل کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ عبد ﷲ نے 11 سال کی عمر میں انگریزی زبان میں الیکٹرانک میوزک تیار کرنا شروع کیا تھا اور16 سال کی عمر میں وہ اسے آزادانہ طور پر ریلیزکرنے لگے۔ عبد ﷲ نیس کیفے بیسمنٹ میں بھی شریک ہوئے جہاں غیرمعروف گلوکاروں کو پلیٹ فارم مہیا کیاجاتا ہے۔عبداللہ نے میشا شفیع ، شمعون اسماعیل ، آئمہ بیگ اور اداکارفواد خان جیسے گلوکاروں کے لئے موسیقی لکھ اور پروڈیوس کرچکے ہیں۔ میشا شفیع ، عائشہ عمر، عشنا شاہ اور معروف کینیڈین گلوکار روپ مگوں سمیت معروف شخصیات نے عبد ﷲ کو بین الاقوامی سطح پر پہچان ملنے پر مبارکباد پیش کی۔عبد ﷲ کے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مداح موجود ہیں جن میں امریکی کانگریس کی خاتون الہان ​​عمر بھی شامل ہیں۔ شمعون کے تعاون سے تیار کیا جانے والا ان کا گانا اسپاٹی فائےکی پلے لسٹ میں شامل ہے۔