تعلیمی نقصان پورا کرنے کیلئے مالی بجٹ میں زیادہ رقم مختص کی جائے،سماجی تنظیم

April 22, 2021

پشاور( لیڈی رپورٹر) خیبر پختونخواہ سے تعلق رکھنے والی سماجی تنظیموں نے حکومت خیبر پختونخواہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کے لئے آنے والے مالی بجٹ میں زیادہ رقم مختص کی جائےکورونا وائرس اور اس کے نتیجے میں ہونے والے تعلیمی نقصانات اور بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم پر اس کے اثرات کے حوالے سے سماجی تنظیم بلیو وینز کی جانب سے ایک آن لائن کنسلٹیشن کا اہتمام کیا گیا ۔سماجی کارکن قمر نسیم نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے خیبر پختونخوا حکومت کے ماضی میں کیے جانے والے اقدامات کو بھی چیلنجز درپیش ہیں خیبر پختونخوا حکومت گزشتہ دو سال سے تعلیمی بجٹ کا 70 فیصد حصہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے مختص کر رہی ہے جو ایک بے مثال اقدام ہے آنے والے نئے مالی سال کے بجٹ میں کورونا کے اثرات سے نمٹنے کے لیے خصوصی سکیم متعارف کرانے کی ضرورت ہے.چائلڈ رائٹس موومنٹ کی کوآرڈینیٹر ثناء احمد نے کہا کہ لڑکیاں اور عورتیں زیادہ تر مردوں کی کمائی پر انحصار کرتی ہیں اس لئے کورونا اثرات کی وجہ سے عورتوں کی غربت مزید بڑھ گئی ہے, لڑکیوں اور خواتین پر گھریلو کام کاج کا بوجھ پڑا ہے اور جنسی اور صنفی تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے معاشرے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ لڑکیوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھایا جائےتاکہ وہ پاکستانی معاشرے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں.