پہلیاں: دھاگے کے سب زیور گہنے....

April 25, 2021

1۔ لوگ کہیں گے سب اس کو اْڑیا

کاغذ کے سب کپڑے پہنے

دھاگے کے سب زیور گہنے

سیدھی جائے ، مڑتی جائے

پری نہیں ، پر اڑتی جائے

٭٭٭

2۔ بات انوکھی کیا کوئی جانے

اِک ڈبیا میں سینکڑوں دانے

میٹھے میٹھے، رنگ رنگیلے

رس بھرے، رس دار ، رسیلے

کوئی چْوسے ، کوئی چبائے

بچّہ بوڑھا ہر اِک کھائے

٭٭٭

3۔ پھولوں میں‌ دو پھول نرالے

پاتے ہیں وہ قسمت والے

کوئی تو ایک، یا دونوں پائے

خالی ہاتھ کوئی رہ جائے

٭٭٭

4۔ ایک سمندر، تیس جزیرے

بکھرے ان میں موتی ہیرے

جو بھی ان کی سیر کو جائے

مفت میں ہیرے موتی پائے

٭٭٭

5۔ شیشے میں ہے لال پری

سر پر اس کے آگ دھری

٭٭٭

6۔ تول میں پوری لے کر آئے

گھر تک لاتے ہی گھٹ جائے

جواب پہلیاں:۔1۔ پتنگ 2۔ انار 3۔ بیٹا، بیٹی 4۔ قرآن شریف 5۔ لالٹین 6۔ برف