صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کی شکرگزار

April 30, 2021

کینسر سے نبرد آزما صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ان کی کوششوں کا اعتراف کرتے خراجِ تحسین پیش کرنے والوں کا شکریہ ادا کردیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ’آپ سب کے میری ٹائم لائن پر پیغامات سامنے آرہے ہیں، میں ایسے تمام پیغامات شیئر کرنے والوں کی شکرگزار ہوں۔‘

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ان شاء اللہ میں اپنی صلاحیتوں کو بروئےکار لاتے ہوئے اپنے فرائض پورے کروں گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ صحت عامہ کی بہتر نگہداشت کا رخ پہلے ہی سے جاری ہے اور اللہ تعالٰی ہمیں اس کی تکمیل میں کامیاب کرے۔

انہوں نے عدنان صدیقی اور علی ظفر کے پیغامات کا علیحدہ سے بھی جواب دیا۔

عدنان صدیقی کے ٹوئٹ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدنان کے ٹوئٹ نے مجھے نئی توانائی فراہم کردی ہے۔

علی ظفر کو کہا کہ میں جب تک ہوں ایسے ہی پُرعزم اس وبا کا مقابلہ کروں گی۔

واضح رہے کہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کینسر سے نبرد آزما ہیں لیکن اس کے باوجود بھی وہ عوام کی صحت کیلئے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہی ہیں جس کا اعتراف سوشل میڈیا پر بھی کیا جا رہا ہے۔