شرمیلا فاروقی کو شوہر نے کیسے پروپوز کیا تھا؟

May 03, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کے شوہر حشام ریاض شیخ نے اُنہیں شادی کے لیے پروپوز کرنے کا واقعہ سُنا دیا۔

حال ہی میں شرمیلا فاروقی اپنے شوہر حشام ریاض شیخ کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شریک ہوئیں جہاں اُن کے شوہر نے شادی کی پیشکش کے حوالے سے بتایا۔

پروگرام کے دوران میزبان کے سوال پر حشام نے بتایا کہ شرمیلا فاروقی کو شادی کے لیے راضی کرنا مشکل نہیں تھا بلکہ اُن کے خاندان کے لوگوں کو منانا کافی مشکل تھا۔

حشام نے کہا کہ ’میں نے 12فروری 2011 میں شرمیلا کو شادی کے لیے پروپوز کیا تھا اور اس کام میں میری والدہ نے میری بہت مدد کی تھی جبکہ پروپوز کرنے کے وقت شرمیلا کو جو تحفہ دیا تھا وہ بھی والدہ نے ہی خرید کر دیا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں نے پہلے شرمیلا کی والدہ سے بات کی تھی اور اُس کے بعد ہی انہیں شادی کے لیے پروپوز کیا تھا۔

دوسری جانب شرمیلا فاروقی نے کہا کہ ’میں شادی کی پیشکش سے قبل حشام سے صرف دو بار ملی تھی ایک بار اسلام آباد میں اور ایک مرتبہ زرداری ہاؤس میں ہماری ملاقات ہوئی تھی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’حشام نے مجھے پھول اور کارڈز دے کر شادی کے لیے پروپوز کیا تھا اور اس کے ساتھ ہی میرے لیے گانا بھی گنگنایا تھا۔‘

واضح رہے کہ شرمیلا فاروقی کی شادی 2015 میں ہوئی تھی، شادی کی تقریب میں اس وقت کے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سمیت وفاقی اور صوبائی وزراء نے شرکت کی تھی۔

شرمیلا فاروقی کے ہاں سال 2018 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام ’حسین‘ ہے۔