کراچی، خاتون پروفیسر کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

May 04, 2021

کراچی کے علاقے شریف آباد میں گزشتہ ماہ دوران ڈکیتی خاتون پروفیسر کو قتل اور ان کے شوہر کو زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

شریف آباد پولیس نے 21 اپریل کو شریف آباد میں خاتون پروفیسر نسرین نگہت قتل کیس حل کرلیا، خاتون پروفیسر نسرین نگہت زوجہ محمد عرفان کے قتل میں ملوث ملزم شاہد الرحمٰن ولد سیف الرحمٰن کو گرفتار کرلیا گیا۔

خاتون پروفیسر کو دوران ڈکیتی قتل جبکہ ان کے شوہر کو بھی فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا تھا۔

پروفیسر نسرین اپنے بیٹے حسان کی شادی کے سلسلے میں خریداری میں مصروف تھی کہ دوران ڈکیتی ملزم نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جبکہ پروفیسر نسرین کے خاوند پیٹ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تکنیکی بنیادوں پر تفتیش سے ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔