سلمان خان کا اپنی فلم کی آمدنی کورونا ریلیف میں لگانے کا فیصلہ

May 06, 2021

بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے اس عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’رادھے‘ سے حاصل آمدنی کو کورونا ریلیف فنڈ میں استعمال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

سلمان خان اس وقت بھارت میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران فرنٹ لائن ورکرز اور دیگر متاثرین کی دل کھول کر مدد کررہے ہیں۔گزشتہ دنوں فرنٹ لائن ورکرز کیلئے بھجوائے جانے والے کھانے کا معیار بھی سلمان خان نے خود چیک کیا تھا۔

اب سلمان خان کی پروڈکشن کمپنی اور زی انٹرٹینمنٹ نے مل کر کورونا متاثرین کی مدد کا اعلان کیا ہے۔

سلمان خان کی فلم زی کے علاوہ دیگر پلیٹ فارمز پر بھی ریلیز کی جائے گی جس کی آمدنی کو کورونا متاثرین کی مدد اور طبی آلات کی فراہمی میں استعمال کیا جائے گا۔

زی انٹرٹینمنٹ بھی بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں کورونا ریلیف کا کام کررہی ہے۔

واضح رہے کہ سلمان خان کی فلم ’رادھے‘ 13 مئی کو بھارت سمیت دنیا بھر میں سنیما گھروں اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر ریلیز کی جائے گی۔