لاہور ہائیکورٹ ،پیپر لیک پربرطرف 123ڈپٹی اکاؤنٹس آفیسر عبوری طور پر بحال

May 06, 2021

لاہور ( وقائع نگار خصوصی )لاہورہائی کورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے برطرف کئے گئے 123ڈپٹی اکاؤنٹس آفیسرز کوبحال کرنے کاعبوری حکم جاری کرتے ہوئے پنجاب پبلک سروس کمیشن اورسیکرٹری فنانس سمیت متعلقہ حکام سے جواب طلب کرلیا ہے. انہیں اس بنیاد پر برطرف کیا گیا تھا کہ وہ پبلک سروس کمیشن کے اس امتحان کے نتیجے میں منتخب ہوئے تھے جس کےپیپرز لیک ہوئے تھے. برطرف ہونے والے مذکورہ افسروں نے اپنے وکیل عابد ساقی کی وساطت سے دائر درخواست میں اپنی برطرفی کوچیلنج کرتے ہوئے موقف اختیارکیا ہے کہ ان کےتقرر کا عمل 2020ءمیں یعنی پیپر لیکس سکینڈل سے پہلے ہوا تھا. عدالت برطرف کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے. حتمی فیصلے تک درخواست گزاروں کی برطرفی کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد روکنے کا بھی حکم دیاجائے۔