برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا کی 12لاکھ سے زائد خوراکیں ہفتے کو پاکستان پہنچیں گی

May 06, 2021

کوویکس کے تحت برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا کی پہلی کھیپ ہفتے کے روز پاکستان پہنچ جائے گی۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام نے جمعرات کے روز دی نیوز اخبار کو بتایا کہ برطانوی ویکسین ایسٹرازینیکا کی پہلی کھیپ 12 لاکھ 48 ہزار ڈوزِز پر مشتمل ہے جو کہ جنوبی کوریا سے قطر ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے گی۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ ایسٹرازینیکا ویکسین کے ساتھ 12 لاکھ 48 ہزار سرنجیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے مہینے ایسٹرازینیکا ویکسین کی بارہ لاکھ اڑتیس ہزار ڈوزز پر مشتمل دوسری کھیپ بھی پاکستان پہنچ جائے گی۔

واضح رہے کہ کوویکس کے تحت پاکستان کو ایسٹرازینیکا ویکسین کی 25 لاکھ سے زائد خوراکیں مارچ میں ملنی تھی مگر ہندوستان نے سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا (جہاں یہ ویکسین تیار ہو رہی ہے) کو پاکستان کو ویکسین سپلائی کرنے سے روک دیا تھا۔

حکام کے مطابق پاکستان میں اب تک تیس لاکھ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے اور زیادہ تر لوگوں کو تین مختلف چینی ویکسینز لگائی گئی ہیں جبکہ پاکستان میں پچاس ہزار لوگوں کو غیر سرکاری طور پر روسی ویکسین اسپوٹنک بھی لگائی جا چکی ہے۔