کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں ایک دم اضافہ

May 06, 2021

کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں ایک دم اضافہ ہوگیا، کل پانچ فیصد سے بڑھ کر آج مثبت کیسز کی شرح 14.23 ہوگئی۔

بڑھتی شرح کے بعد سندھ ٹاسک فورس نے مزید سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

کل سے اتوار تک ہوٹلوں سے پارسل صرف مغرب تک مل سکے گا، اس کے بعد صرف ہوم ڈيلیوری ہوگی۔

اتوار سے عید کی چھٹیوں تک مزید سختیاں ہوں گی، عید کے دنوں میں ہاکس بے، سی ویو بند رہیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں نئے کوویڈ کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جہاں تشخیص کا تناسب 14.32 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ کافی خطرناک ہے۔ اب حیدرآباد میں نئے کیسز میں کمی واقع ہوئی ہے، حیدرآباد جس کا تناسب 29 اپریل کو 20 فیصد تھا، وہاں 5 مئی کو 11.92 فیصد سامنے آیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اپریل میں 154 مریض فوت ہوگئے تھے اور مئی میں ابتک کوویڈ نے 33 افراد کی جان لی ہے۔ دیکھا گیا ہے کہ لوگ ایس او پیز پر عمل نہیں کررہے ہیں۔ 5 مئی کو شہر بھر میں 627 افراد کا چالان کیا گیا اور 1276.500 ملین روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔