عید کی آمد، کئی شہروں میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

May 10, 2021

لاہور / پشاور / کوئٹہ ( نیوز ایجنسیز) عید کی آمد کیساتھ ہی ملک کے بڑے شہروں میں مرغی کا گوشت کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہو گیا۔ لاہور میں فی کلو 400سے بڑھ گئی، پشاور میں زندہ مرغی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر آگئی، کوئٹہ میں فی کلو قیمت میں 40روپے کا اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق عید کی آمد کیساتھ ہی ملک کے بڑے شہروں میں مرغی کا گوشت کی قیمت میں اضافہ ہو گیا، لاہور میں مرغی کا گوشت 400روپے کلو سے بڑھ گیا، ٹولنٹن مارکیٹ میں مرغی کا گوشت 407روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا۔ زندہ مرغی تھوک میں 273اور پرچون میں 281روپے کلو میں فروخت ہونے لگی ۔ دکانداروں نے شکوہ کیا ہے کہ فارم سے مرغی مہنگی مل رہی، مرغی کی قیمت اب تک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ فیصل آباد میں مرغی کا گوشت 412روپے فی کلو میں دستیاب ہے، زندہ مرغی کی قیمت 285روپے فی کلو ہو گئی۔ فیصل آباد میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 450روپے سے بڑھ کر 470 روپے ہو گئی۔کوئٹہ میں 2روز میں مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 40روپے کا اضافہ ہوا۔پشاور میں زندہ فارمی مرغیوں کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو گیا ہے،شہرمیں زندہ فارمی مرغیاں تاریخ کی بلند ترین سطح کو پہنچ گئی ہے ۔بازاروں میں فل چکن550سے 700میں فروخت ہونے لگا۔ مرغی فروشوں کا کہنا ہے کہ مرغیوں کی پیداوار کم ہونے اور فیڈ مہنگا ہونے کی وجہ سے زیادہ تر پولڑی فارم مالکان نے مرغیوں کی پیداوار کم کر دی ہے جس سے مرغی اور انڈوں کے قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے چوزے کا ریٹ 31روپے کی بجائے100روپے تک پہنچ گیا۔