بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ماضی کے سپر اسٹار راجیش کھنہ کا بنگلہ خریدنے کے لیے انہیں مفت کام کرنے کی پیشکش کی تھی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 1960 کے اواخر اور 1970 کے عشرے کے سپر اسٹار راجیش کھنہ پر جب برا وقت آیا تو وہ شدید مالی پریشانی کا شکار تھے۔ ایسے میں سلمان خان نے ان کا مشہور بنگلہ آشیرواد خریدنے اور ان کی فلم میں بغیر معاوضہ کام کرنے کی پیشکش کی تھی، تاہم راجیش کھنہ نے ان کی نیت پر شک کا اظہار کرتے ہوئے اسے دھوکہ قرار دیا اور کہا یہ مجھے سڑک پر لانا چاہتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق راجیش کھنہ نے بنگلہ آشیرواد 1970 کی دہائی کے اوائل میں اداکار راجندر کمار سے ساڑھے تین لاکھ روپے میں خریدا تھا۔ راجیش کھنہ کا خیال تھا کہ سلمان خان اس بنگلے کو خرید کر انہیں مالی اور سماجی طور پر کمزور کرنا چاہتے ہیں۔
راجیش کھنہ بھارتی سینما کے پہلے سپر اسٹار تھے اور انھوں نے اسی طور پر شان و شوکت سے بھرپور زندگی گزاری، 1969 سے 1972 کے درمیان لگاتار 15 سولو ہٹ فلموں کا ایسا ریکارڈ قائم کیا جو آج تک ٹوٹ نہیں سکا۔ اپنے کیریئر کے عروج کے دوران انہوں نے خاصی دولت اور جائیدادیں بنائیں۔
اسی میں ممبئی کے فیشن ایبل علاقے کارٹر روڈ پر سمندر کنارے ایک بنگلہ خریدا اور اس کا نام آشیرواد رکھا۔ یہ بنگلہ جلد ہی ایک معروف علامت بن گیا اور راجیش کھنہ بے مثال شہرت کی نشانی سمجھا جانے لگا۔
اپنی کتاب ڈارک اسٹار: دی لونلی نیس آف بینگ راجیش کھنہ کے مصنف گوتم چنتامانی لکھتے ہیں کہ ان کے آشیرواد میں منتقل ہونے کے بعد بادشاہوں والا انداز تھا جہاں وہ ایک اونچی کرسی پر بیٹھ کر دربار لگاتے اور ملاقات کےلیے آنیوالے پروڈیوسرز کو انتظار کےلیے باہر بٹھاتے، اس موقع پر وہ اپنی مشہور ریشمی لنگی اور کرتے میں نمودار ہوتے۔
گوتم کے مطابق بنگلے کے اندرونی حصے تک رسائی صرف چند منتخب لوگوں کو حاصل تھی، جبکہ انکے قریبی لوگ رات بھر نہ ختم ہونے والی محفلوں سے لطف اندوز ہوتے اور انکی چاپلوسی کی جاتی۔
اس دوران وہ اپنے مزاج کے خلاف کوئی بات نہیں سنتے اور ایسے لوگوں کو گھر سے نکال دیا کرتے تھے۔ پھر ایک وقت آیا انکا ستارہ ڈوبنے لگا اور انکی جگہ امیتابھ بچن نے 1973 کی فلم زنجیر، شعلے اور دیوار کے ذریعے لے لی۔
گوتم کے مطابق سلمان خان نے اپنے بھائی سہیل خان کے لیے کاکا کے بنگلے کو خریدنے کے لیے راجیش کھنہ کو کئی پرکشش پیشکش کیں اور انھیں ملنے والے بھاری انکم ٹیکس نوٹس کے واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی کے ساتھ راجیش کھنہ کی کسی فلم میں بغیر معاوضہ کام کی پیشکش بھی کی۔ تاہم کاکا نے اسے نہیں بیچا اور اسی گھر میں تنہائی کی زندگی گزارتے ہوئے چل بسے، بعد میں اس بنگلے کو کسی اور نے خرید کر گرا دیا اور یہاں پر بلند عمارت تعمیر کی۔