پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور فاسٹ بولر وسیم اکرم نے نئے سال کے آغاز پر مداحوں کو صحت ٹھیک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی شوگر چیک کریں اور ڈنگروں کی طرح کھانا بند کر دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سال نو کے موقع پر میں نے اپنی فیملی کے ہمراہ وقت گزارتے ہوئے انجوائے کیا ہے اور میں مکمل طور پر فٹ ہوں۔
وسیم اکرم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں شوگر کی شرح 33 فیصد ہو چکی ہے، حکیموں کے پاس جانا چھوڑ دیں اور اپنا شوگر لیول چیک کریں، ڈاکٹرز سے مشورہ کریں۔
مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ اپنا شوگر لیول چیک کریں اور ڈنگروں کی طرح کھانا بند کر دیں، کیونکہ جان ہے تو جہان ہے۔
وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ہم آپ سے پیار کرتے ہیں اسی لیے ہم چاہتے ہیں کہ آپ کی اور آپ سے پیار کرنے والوں کی صحت ٹھیک رہے، اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں۔