30سال کے زائد والے فٹ پلیئرز ٹیسٹ کھیل سکتے ہیں، ہیڈ کوچ

May 12, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ اگر تیس سال سے زائد عمرکے کھلاڑی فٹ ہیں اور کارکردگی دکھا رہےہیں تو ٹیسٹ کرکٹ میں موقع دیا جاسکتا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز بہت اہم ہے اس میں ان ہی کھلاڑیوں کو موقع ملے گا جو ورلڈ کپ کیلئے ہمارے فوکس میں ہیں ۔ خوشی ہے پاکستان ٹیم درست سمت کی جانب گامزن ہے ۔جنوبی افریقا اور زمبابوبے کا دورہ کامیاب رہا ۔ جنوبی افریقا کی کنڈیشن میں کامیابی آسان نہیں ہوتی یہ تاثر غلط ہے کہ ان کے مین کھلاڑی نہیں تھے۔یہ جنوبی افریقا کا مسئلہ ہے ہم نے ان کی مین ٹیم کو بھی شکست دی تھی۔ وائٹ بال کرکٹ میں مسائل سامنے آئے ہیں ۔ مڈل آڈر مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ مستقبل میں وائٹ بال کی بڑی اہم سیریز ہیں ۔ فواد عالم ماضی میں جب پرفارم کررہے تھے اس وقت یونس اور ان کی وجہ سے جگہ نہیں بن رہی تھی۔مجھے، انضمام بھائی، یوسف اور یونس خان کی وجہ سے دیر سے کم بیک کا موقع ملا۔ وسیم وقار کے دور میں بھی کئی فاسٹ بولر کو پورا موقع نہیں مل سکا تھا۔ فہیم اشرف ہمارا اہم کھلاڑی ہے وہ لمبی کرکٹ کھیلتا ہوا آرہا ہے کوروناکی وجہ سے حالات نارمل نہیں اس وجہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو لے جانا پڑتا ہے اور زیادہ کھلاڑیوں کا بیک اپ رکھا جاتا ہے۔ زمبابوے کی بیٹنگ لائن تجربہ کار نہیں لیکن بولنگ مضبوط ہے۔ وائٹ بال میں فاسٹ بولرز کی بیٹری بہت اچھی بنی ہے ۔ ان بولرز کو تجربہ ملتا رہےگا توکارکردگی میں نکھار آتا رہے گا۔ بولنگ ڈپارٹمنٹ بہتری کی جانب جارہا ہے۔ وائٹ بال میں اوپر کے چار کھلاڑی ہیں فخر زماں، بابر اعظم رضوان اور شرجیل ہیں۔ مستقبل میں انہیں کو لیکر چلنا ہے ۔نئے ٹی 20 کھلاڑیوں کو بیسک بہتر بنانا ہوگی۔