بین الاقوامی برادری فلسطینیوں کا تحفظ یقینی بنائے ،OIC کا ہنگامی اجلاس

May 12, 2021

کراچی (جنگ نیوز) مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوجیوں کے تشدد، اور غزہ میں شیخ جراح میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد نیو یارک میں ایک ہنگامی اجلاس میں او آئی سی ممالک کے سفیروں نے رمضان کے مقدس مہینے میں فلسطینیوں پر حملوں کو انسانی حقوق کے قوانین اور انسانیت کے اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے کشیدگی اور حملوں میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی خاص دعا بھی کی اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔اس موقعے پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے تجویز دی کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا جائے، جس کی او آئی سی کے اجلاس میں متفقہ طور پر توثیق کی گئی۔منیر اکرم نے تمام فلسطینیوں کے ساتھ ’غیر متزلزل اور مضبوط‘ یکجہتی ظاہر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔