7 برس قبل اغواء ہونیوالی بچی بازیاب ،زیادتی کا نشانہ بھی بنتی رہی

May 12, 2021

چکوال(نمائندہ جنگ)سرگودھا سے 7 سال قبل 7 برس کی اغوا کی گئی لڑکی کو بازیاب کروا لیا گیا۔سرگودھا میں مقام حیات کے رہائشی محنت کش یونس کی 7 سالہ بیٹی کو 20 مئی 2014 کو اس وقت اغواء کیا گیا جب وہ بھائی کے ساتھ چیز لینے گھر کے قریب دکان پر جا رہی تھی۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مغویہ کی تلاش شروع کر دی لیکن اغواء کار بچی کو پہلے خوشاب اور پھر چکوال میں اینٹوں کے بھٹے پر لے گئے۔57 سالہ مرکزی ملزم احمد علی بچی سے نہ صرف جبری مشقت لیتا بلکہ اسے زیادتی کا نشانہ بھی بناتا رہا۔ اینٹوں کے بھٹے کے مالک سمیت دیگر 4 ملزم بھی بچی سے زیادتی کرتے رہے۔ ملزم احمد علی نے بچی سے جعلی نکاح بھی کر لیا، اس دوران 13 برس کی عمر میں بچی نے بیٹے کو جنم دیدیا۔پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے چکوال سے دو ملزم احمد علی اور شعیب کو گرفتار کرکے بچی کو بازیاب کروا لیا گیا، زیادتی کے دیگردوملزم وفات پا چکے ہیں۔