امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی خاتون اور ان کے دوست نے لیگو ورلڈ میپ کے تمام 11,695 ٹکڑوں کو 4 گھنٹے، 59 منٹ اور 51 سیکنڈ میں جوڑ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
اتھینا لیونگ اور سیوی سوئفٹ نے 12 اپریل کو ہیوارڈ میں برک بائی برک ٹوائز میں یہ چیلنج مکمل کیا۔
اس سے قبل دونوں نے ایک ماہ تک لیگو ورلڈ میپ بنانے کی مشق کی تھی۔ یہ دنیا میں تجارتی طور پر دستیاب سب سے بڑا 2 ڈی لیگو سیٹ ہے۔
اتھینا لیونگ نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا جب میں چھوٹی تھی تو لیگو نے مجھے اپنی تخیل کو عملی شکل دینے کے ذرائع فراہم کیے، اس وقت بھی جب میرے پاس اپنی سوچ کو کسی اور طریقے سے حقیقت میں بدلنے کے لیے مہارت یا وسائل موجود نہیں تھے۔
پھر جب ایک سال پہلے میں سیوی سے ملی تو ہمیں جلد ہی لیگو سے اپنی مشترکہ محبت کے ساتھ ساتھ بہت سی دوسری دلچسپیوں نے بھی ایک دوسرے کے قریب کر دیا۔
دونوں نے یہ نقشہ 4 گھنٹے، 59 منٹ اور 51 سیکنڈ میں مکمل کیا اور یوں گنیز ورلڈ ریکارڈز کی جانب سے مقرر کردہ 5 گھنٹے اور 30 منٹ کے ہدف کو پیچھے چھوڑ دیا۔