عید پر کئی سالوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی بھی یقینی بنائی جائے،وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز

May 12, 2021

کوئٹہ(آن لائن )وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے بیان میں کہاہے کہ لاپتہ افراد کی بازیابی خوش آئند ہے جسے ہم سراہتے ہیں جبکہ لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنانے پر ہم حکومت کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں لیکن حکومت کو چاہیے کہ کئی سالوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی کو بھی یقینی بنائے ۔انہوں نے کہاکہ2019 میں صوبائی حکومت نے ہمیں مذاکرات میں لاپتہ افراد کامسئلہ حل کرنے کے ساتھ کئی سالوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنانے یا پھر ان کے حوالے سے معلومات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب تک کئی سال سے لاپتہ افراد کے کیسز میں خاص پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔انہوں نےکہا کہ حال ہی میں وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تو ہم نے لاپتہ افراد کا مسئلہ اور کئی سال سے لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ان سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی تو وزیراعظم نے ہمیں یقین دہانی کرائی کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ جلد حل ہوگا اور حکومت کئی سالوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی کو یقینی بنائے گی یا پھر ان کے حوالے سے اہلخانہ کو معلومات فراہم کی جائینگی۔ لیکن اب تک ہمیں انکے کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کیا جا ر ہیں جس کی وجہ سے کئی سالوں سے لاپتہ افراد کے اہلخانہ شدید ذہنی کرب و اذیت کا شکار ہیں واضح رہے کہ وفاقی و صوبائی حکومت کو فراہم کردہ لسٹ میں کئی سالوں سے لاپتہ علی اصغر بنگلزئی،ڈاکٹر دین محمد بلوچ،ذاکر مجید، ڈاکٹر اکبر مری،ایڈوکیٹ منیر میروانی،زاہد بلوچ،شبیر بلوچ،سمیع بلوچ،عبدالمالک سرپرہ،ظفر بنگلزئی، شمس بلوچ،سعیداحمد شاہوانی، مظفر شاہوانی، رمضان بلوچ،گڈو بگٹی،سفر خان مری، ماسٹر عبدالرحمٰن مری اور توتک سے لاپتہ قلندرانی قبیلے کے افراد سمیت دیگر سینکڑوں لاپتہ افراد کے نام شامل ہیں نصراللہ بلوچ نے حکومت اور ملکی اداروں سے اپیل کی کہ اس عید پر کئی سالوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی بھی یقینی بنائی جائے یا پھر ان کے حوالے سے معلومات فراہم کرکے غمزدہ خاندانوں کو زندگی بھر کی اذیت سے نجات دلائی جائے۔