محکمہ خوراک کا رمضان آپریشن‘ مزید 24 قصاب گرفتار

May 12, 2021

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے رمضان آپریشن کے دوران گرانفروشی پر مزید 24 قصابوں کو گرفتار کرلیاراشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے پشتخرہ‘ بورڈ‘ تاج آباد‘ دانش آباد اور دیگر علاقوں میں قصابوں کی دکانوں کا معائنہ کیا اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 24 قصابوں کو گرفتار کرلیا جن میں زم زم بیف شاپ‘ شاہ میٹ شاپ‘ مدینہ میٹ شاپ‘ المکہ میٹ شاپ‘ انتظار عباس میٹ شاپ اور دیگر شامل ہیں۔ راشننگ کنٹر ولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ اور صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں بڑے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈال رہے ہیں جبکہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں ریلیف دے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں جبکہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز اور فوڈ انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھیں اور کسی کے ساتھ نرمی نہ برتی جائے۔