خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارروائیاں، 5ہزار لٹر جعلی مشروبات برآمد

May 12, 2021

پشاور(وقائع نگارʼنمائندگان جنگ) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے نوشہرہ کے علاقے امان کوٹ میں کاروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری سے 5 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت جعلی مشروبات برآمد کرلئے۔ کاروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران مضر صحت مشروبات تیار کرنے پر فیکٹری کو سیل کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق مشروبات کی جعلی فیکٹری سے بڑی تعداد میں بوتلیں، اور مس برانڈ پیکنگ میٹریل بھی برآمد کیا گیا۔ جعلی مشروبات کو صوبے کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں ناقص اور مضر صحت بیکری پراڈکٹس فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائیاں کی گئی۔ پشاور کے علاقے قصہ خوانی، نمک منڈی بازار اور ٹاون تھری میں مختلف بیکریوں کا معائنہ کیا گیا، اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تین بیکریاں سیل کردی گئی۔لوئر دیر کے ثمر باغ میں فوڈ سیفٹی ٹیمز نے کاروائیاں کرتے ہوئے دو بیکریوں کو غیر معیاری خوردنی تیل کے استعمال اور ناقص صفائی پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ اپر دیر کے علاقے صاحب آباد میں بھی نان فوڈ گریڈ کلر کے استعمال اور ناقص صفائی پر ایک بیکری یونٹ کو سیل کیا گیا۔