عید الفطر مسلمانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کا تحفہ ہے، محمد عمر توحیدی

May 13, 2021

اولڈہم (پ ر) پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئرمین محمد عمر توحیدی نے کہا ہےکہ عید الفطر مسلم امہ کے لیے رمضان المبارک کے بعد اللہ تعالیٰ کا تحفہ ہے اور دنیا بھر کے مسلمان عید الفطر کی خوشیوں کی جانب رواں دواں ہیں، تمام مسلم تہواروں کی شان دنیا بھر کے تہواروں سے نرالی ہے، کیوں کہ ان میں اللہ تعالیٰ کی بندگی اور خدمت خلق کے کاموں میں اضافہ ہوجاتا ہے،مال دار لوگوں پہ عید الفطر کے موقع پر فطرانہ لازم قرار دیا گیا تاکہ محتاج اور ضرورت مند مسلمان عید کی خوشیوں میں اچھی طرح شامل ہو سکیں۔ عید الفطر کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہی عید کی اصل روح ہے ہمیں چاہیے کہ عید سے پہلے ہی فطرانہ کی رقم مستحق افراد تک پہنچائیں مگر افسوس کہ ہماری عیدیں مفاد پر ستی اور خود غرضی کے اس دور میں اسلام کی حقیقی روح اور سچے استقبال سے محروم ہو چکی ہیں اور ہم مادیت کے فریب میں پھنس کر اسلام کی اعلیٰ اور آفاقی قدوروں سے منہ موڑ چکے ہیں اور بس اچھی پوشاکوں عمدہ کھانوں کو عید کی خوشی سمجھ بیٹھے ہیں۔ عمر توحیدی نے مقدس مہینے کی اہم عبادت کے موقع پر مسجد اقصیٰ میں نہتے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قرار دیا کہ یہ ایک دہشت گردانہ کارروائی ہے جو پوری دنیا کے علی الرغم صیہونی عزائم کا پتا دے رہی ہے۔