پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ٹکٹ کی آن لائن اور آف لائن دستیابی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 11 کے ٹکٹ منگل 17 مارچ سے دستیاب ہے، پہلے مرحلے میں ٹکٹس دوپہر 12 بجے سے آن لائن فروخت کےلیے دستیاب ہوں گے۔
شائقین کرکٹ ایونٹ کے آن لائن اور فزیکل ٹکٹس نجی کورئیر کمپنی کی ویب سائٹ اور سینٹرز سے بھی خرید سکتے ہیں۔
اس بار پی ایس ایل میں پہلی بار 8 ٹیمیں شرکت کریں گی ، ایونٹ میں مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل 11 کے میچز لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں کھیلے جائیں گے، ان میں سے فیصل آباد اور پشاور پہلی بار ایونٹ کے میچز کی میزبانی کریں گے۔
لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ 250 روپے ، فیصل آباد میں 300 ، ملتان اور راولپنڈی میں 400 روپے سے شروع ہوگا ، ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹ خریدے جاسکتے ہیں۔
کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں محدود تعداد میں ای ٹکٹ کی سہولت دستیاب ہوگی جبکہ پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں 28 مارچ کو پشاور زلمی اورپنڈیز کے میچ میں فیملی انکلوژر مختص ہے، وی آئی پی فیملی زون ٹکٹ 2 ہزار میں دستیاب ہوں گے۔
کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کارپوریٹ باکس دستیاب ہیں، تمام ہی اسٹیڈیمز میں مختلف گیلریز کے ٹکٹس دستیاب ہوں گے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ ایونٹ کے 11 ویں سیزن کے ٹکٹوں کی فروخت نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹکٹ کی قیمتیں کم رکھنے کی کوشش کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسٹیڈیم آ کر میچ دیکھیں۔
سلمان نصیر نے مزید کہا کہ نئی ٹیموں کے ساتھ نئی حریف بھی دیکھنے کو ملیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ اس سال کا سیزن بھی شاندار ہوگا۔