پاکستانی کرکٹ ٹیم افریقن سفاری کے بعد وطن واپس، دونوں سیریز نام کیں

May 13, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو زمبابوے سے واپسی پر گھروں میں دس دن کے لئے قرنطینہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹیم کے ڈاکٹر نے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ عید کے دس دن گھروں میں گذاریں۔ بدھ کی صبح پاکستانی کرکٹ ٹیم چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے ہرارے سے لاہور پہنچ گئی۔ لاہور پہنچنے پر پاکستان کرکٹ اسکواڈ کی ریپڈ کوویڈ 19 ٹیسٹنگ بھی کی گئی۔ تمام اراکین کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کلیئر قرار دیئے گئے۔ بعدازاں یونس خان، سرفرا ز احمد، فواد عالم ، شاہ نواز دھانی، نعمان علی اور تابش خان بذریعہ جہاز کراچی پہنچ گئے۔ راولپنڈی، پشاور اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد لاہور سے سڑک کے راستے گھروں کو روانہ ہوئے۔ قبل ازیں صبح سویرے پاکستان کرکٹ ٹیم ہرارے سے لاہور پہنچ گئی ۔ آل رائونڈر محمد نواز اور فزیو کلف ڈیکن زمبابوے سے جنوبی افریقہ چلے گئے ۔ پاکستان ٹیم نے دورہ جنوبی افریقااور زمبابوے میں سیریز کھیلیں ۔ پہلے مرحلے میں پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقا میں وائٹ بال کرکٹ کی سیریز کھیلی ۔ تین ون ڈے میچز کی سیریز دو ایک اور ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز تین ایک سے جیتی ۔ زمبابوے میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز پاکستان دو ایک سے جیتا ۔دو ٹیسٹ میچز کی سیریز پاکستان ٹیم نے دو صفر سے جیتی۔