ملکی تاریخ کی ناکام حکومت نے ہر شعبہ تباہ کردیا‘ ن لیگ

May 13, 2021

کوئٹہ(پ ر )پاکستان مسلم لیگ (ن) کوئٹہ ڈویژن کے صدر محمد رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری نسیم الرحمن آغا عمر شاہ ،جنرل سیکرٹری کوئٹہ جاوید اقبال ،جنر ل سیکرٹری پشین میر وائس کاکڑ، طارق بٹ ایڈووکیٹ، ہمایوں ایڈووکیٹ ، ارباب اقبال ذاکر بنگلزئی ،ضمیر اختر ،غلام آغا، آصف حریفال، شہباز خان صدر تحصیل ناناصاحب شاہ مسعود کاکڑ، جنرل سیکرٹری حاجی نصراللہ تارن،صدر تحصیل کاریزات عطاء اللہ ،صدر تحصیل بوستان ملک اختر الحاج خدائیداد ترین رازق لالہ محمد دین کاکڑ ،رفیع اللہ طوفان ،ملک پائند خان اورعمر فاروق ایڈووکیٹ نے بیان میں فورسز پرحملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے فورسز کی قربانیوں سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومت کی ڈھائی سالہ کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ملکی تاریخ میں ایسی ناکام حکومت عوام نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے جبکہ اشیاء ضروریہ عوام کی دسترس سے دور ہوگئیں۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لگانے والوں کے دور میں کرپشن اپنی حدوں کو چھو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو عوام کی فکر نہیں۔ کورونا کے نام پر تاجروں پر کاروبار کے دروازے بند کردیئے گئے حالانکہ حکمران تاجررہنمائوں کے ساتھ مذاکرات کرکے کوئی راستہ نکالتے لیکن افسوس نااہل حکمرانوں نے ہر شعبہ تباہ کردیا۔