• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی ہیکرز کی ٹرمپ کے مشیروں کی ای میلز لیک کرنے کی دھمکی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

ایران سے تعلق رکھنے والے ہیکرز نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے پاس ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیروں سے متعلق 100 گیگا بائٹس ڈیٹا موجود ہے۔

ہیکر نے اپنا نام رابرٹ ظاہر کرتے ہوئے بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ میرے پاس ٹرمپ کے حلقے سے متعلق 100 گیگا بائٹس ڈیٹا موجود ہے اور اس ڈیٹا میں سوزی وائلز (چیف آف اسٹاف)، لنزے ہیلیگن (ٹرمپ کی وکیل)، راجر اسٹون (مشیر) اور اداکارہ اسٹورمی ڈینیئلز سے متعلق ای میلز شامل ہیں۔

رابرٹ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس ڈیٹا کو بیچ سکتے ہیں لیکن اپنے منصوبوں کے بارے میں کوئی واضح تفصیلات نہیں بتائیں اور ای میلز کے مواد کو بھی ظاہر نہیں کیا۔

امریکی اٹارنی جنرل پام بوندی نے ہیکنگ کو قومی سلامتی کے خلاف ایک سنگین سائبر حملہ قرار دیا ہے۔ 

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ایران سے منسلک ہیکرز کا یہ گروپ پہلے 2024ء کے امریکی انتخابات کے دوران بھی سرگرم رہا اور اس وقت ان ہیکرز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے کچھ اتحادیوں کی ای میلز بھی لیک کی تھیں۔

ای میلز لیک ہونے کے بعد کچھ قانونی اور مالی معاملات سامنے آئے تھے لیکن اس سے انتخابی نتائج پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑا اور ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب ہو گئے۔

امریکا کے سائبر سیکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایران امریکا میں اہم انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید