تمباکونوشی سے ہرسال165000 سے زیادہ اموات ،طبی ماہرین

May 27, 2021

لاہور(جنرل رپورٹر)سرجیکل انکالوجی سوسائٹی آف پاکستان کے بانی صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد چیمہ اور صدر پروفیسرڈاکٹر ہارون ماجد نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمباکو کے 24 ملین سے زیادہ استعمال کنندہ ہیں،ہر سال تمباکو نوشی کے باعث ملک میں 165000 سے زیادہ اموات ہورہی ہیں جو کوویڈ 19 کی ہلاکتوں سے کہیں زیادہ ہے،پاکستان میں ہر روز 1200 بچے سگریٹ نوشی شروع کرتے ہیں اور یہ خطرہ تشویشناک حد تک پھیل رہا ہے ،ان خیالات کااظہارانھوں نے ترک تمباکو نوشی کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنی گفتگو میں کیا اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ سگریٹ نوشی 16 سے زائد کینسر اقسام کا سبب بنتی ہے جس میں larynx، pharynx، esophagus، معدہ کے کینسر شامل ہیں جبکہ پھیپھڑوں کا کینسر بڑے پیمانے پر تمباکو نوشی کرنے والوں میں پایا جاتا ہے جبکہ تمباکو نوشی سے دل کی بیماری سے موت کا خطرہ 2.5 گنا اور پھیپھڑوں کے کینسر 20 گنا تک بڑھ جاتا ہے اورتمباکو دائمی بدہضمی کے شکار بہت سارے مریضوں میں پیپٹک السر کا سبب بنتا ہے ان کا کہنا تھا کہ ہر سال 31مئی کو ترک تمباکو نوشی کا عالمی دن منایا جاتا ہے ۔