بلوچستان کی پہلی انسانی حقوق پالیسی آخری مراحل میں ہے‘عبدالرئوف بلوچ

June 11, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری سماجی بہبود ، خصوصی تعلیم ، خواندگی ، غیر رسمی تعلیم اور انسانی حقوق عبدالرؤف بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کی پہلی انسانی حقوق پالیسی اپنے آخری مراحل میں ہے سول سوسائٹی اور سرکاری محکموں کی طرف سے پالیسی کے مسودے پر بروقت آراء اور سفارشات پیش کرنا قابل ستائش ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے منعقدہ مشاورتی ورکشاپ ے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حقوق پاکستان پراجیکٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر علی دیان حسن بھی موجود تھے ورکشاپ کا اہتمام یورپی یونین کے اعانت شدہ حقوق پاکستان پراجیکٹ نے کیا عبدالرؤف بلوچ نے کہا کہ آئین کی رہنمائی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے مختلف معاہدات کی روشنی میں تیار انسانی حقوق پالیسی کا مقصد صوبائی حکمرانی کے ڈھانچے میں انسانی حقوق کو مرکزی حیثیت دینا ہے تاکہ عوام کے شہری ، سیاسی ، سماجی ، ثقافتی اور معاشی حقوق کو یقینی بنایا جا سکے پالیسی کا ایک بڑا مقصد خاص طور پر خواتین ، بچوں ، اقلیتوں ، بزرگ شہریوں ، مختلف اہلیت رکھنے والے افراد اور ٹرانس جینڈر افراد سمیت آبادی کے کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ کرنا ہےعلی دیان حسن نے کہا کہ مشاورتی ورکشاپس کا مقصد تمام اسٹیک ہولڈرز کو پالیسی کا مسودہ پیش کرنا اور ہر حصے پر ان کی تفصیلی رائے کا حصول تھا ۔