شنیرا کو وسیم اکرم سے شادی کرنے پر افسوس کیوں؟

June 11, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹر وسیم اکرم کو آسٹریلیا کے مشہور بسکٹ کے بارے میں معلوم نہ ہونے ہر اُن کی اہلیہ شنیرا کو اُن سے شادی کرنے پر افسوس ہونے لگا۔

گزشتہ دنوں شنیرا نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ اُن کی بیٹی عائلہ نان میں ٹِم ٹیم (آسٹریلوی چاکلیٹ بسکٹ) لپیٹ کر کھاتی ہیں۔

شنیرا کے اس ٹوئٹ پر جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے تو وہیں وسیم اکرم بھی اس دوڑ میں سب سے آگے رہے۔

وسیم اکرم نے اہلیہ کے ٹوئٹ پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’آپ لوگوں کو یہ تو بتائیں کہ آخر یہ ٹِم ٹیم ہوتے کیا ہیں۔‘

سابق کپتان کے اس جواب پر شنیرا نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ردّعمل دیا اور کہا کہ ’میں حیران ہوں کہ آپ کو ٹِم ٹیم کے بارے میں معلوم نہیں۔‘

شنیرا نے کہا کہ ’آپ نے ایک آسٹریلوی خاتون سے شادی کی ہے اور اس کے باوجود بھی آپ کو ٹِم ٹیم کے بارے میں کچھ نہیں معلوم ہے۔‘

اُنہوں نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’میں آپ کو فیل کرنے کا سوچ رہی ہوں۔‘

شنیرا کے اس ٹوئٹ پر صارفین نے خوب مزاحیہ تبصرے کیے، ایک صارف نے کہا کہ ’وسیم بھائی تو گئے کام سے۔‘

منیب خان نامی صارف نے کہا کہ ’آج تو وسیم بھائی کو خوب ڈانٹ پڑنے والی ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شنیرا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں وسیم اکرم سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا تھا کہ ہماری بیٹی نے ابھی نان میں ایک ٹِم ٹیم (آسٹریلوی چاکلیٹ بسکٹ) لپیٹا اور کھا لیا۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ یہ کھانے کے بعد عائلہ نے کہا یہ اب تک کی سب سے مزیدار چیز تھی اور میرے خیال میں وہ اپنی کثیر الثقافت کو بہت اچھی طرح قبول کررہی ہے۔