کام نہ ملنے کی وجہ سے گزشتہ برس نصف انکم ٹیکس ادا نہیں کرسکی، کنگنا رناوت

June 13, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ گزشتہ برس ʼکام نہیں ملنے‘ کی وجہ سے وہ پچھلے سال کے اپنے انکم ٹیکس کا نصف ادا نہیں کرسکی ہیں۔ تاہم انہوں کہا کہ اگر حکومت واجب الادا رقم پر سود عائد کرتی ہے تو انہیں کوئی شکایت نہیں ہوگی۔کنگنارناوت نے اپنے انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا کہ گوکہ میں سب سے زیادہ ٹیکس سلیب میں آتی ہوں اور اپنی آمدنی کا45 فیصد ٹیکس کے طور پر ادا کرتی ہوں، گوکہ میں بھارت میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی اداکارہ ہوں لیکن زندگی میں پہلی مرتبہ میں اپنا آدھاٹیکس ادا نہیں کر سکی کیونکہ مجھے کام نہیں مل سکا۔ اداکارہ کنگنا رناوت نے مزید لکھاکہ مجھ سےٹیکس ادا کرنے میں تاخیر ہوگئی اور حکومت بقیہ واجب الادا رقم پر سود لگا رہی ہے لیکن اس کے باوجود میں اس اقدام کا خیر مقدم کرتی ہوں۔ انہوں نے لکھا کہ ذاتی طورپر یہ ہمارے لیے مشکل گھڑی ہوسکتی ہے لیکن ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ہم وقت سے بھی زیادہ طاقت ور بن سکتے ہیں۔کنگنا رناوت نے چند ماہ قبل اداکارہ تاپسی پنّو اور فلم ساز انوراگ کشیپ کے دفتر پر انکم ٹیکس محکمہ کے چھاپے کے بعد کئی ٹوئٹ کر کے ان دونوں کو ʼٹیکس چور‘ اور ʼغدار‘ کہا تھا۔ چارٹرڈ اکاونٹنٹ ویریندر یادو کہتے ہیںکہ کنگنا کی بات سے لگتا ہے کہ انکم ٹیکس ادا کرنے کی تاریخ اور اس کے بعد اس میں توسیعی مدت گزر جانے کے باوجود وہ پورا ٹیکس ادا نہیں کرسکیں جس کی وجہ سے محکمہ ٹیکس نے بقیہ ٹیکس پر سود کے ساتھ رقم کا ان سے مطالبہ کیا ہے۔ ویریندر یادو کہتے ہیں بھارت میں انکم ٹیکس کی زیاہ سے زیادہ شرح 35.88 فیصد ہے۔ حال ہی میں ایک مقامی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کنگنا رناوت نے رواں برس فروری میں اپنے بھائی اور بہنوں کو4 کروڑ روپے کے چار شاندار فلیٹ تحفے میں دیے۔ جبکہ گزشتہ برس اپنے بھائی کی شادی پر بھی کنگنا نے چھ کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔کنگنا رناوت بولی وڈ کی مصروف ترین اداکاروں میں شامل ہیں۔ وہ نیم فوجی دستے کے گیارہ جوانوں پر مشتمل وائی پلس سکیورٹی زمرہ حاصل کرنے والی بھارت کی پہلی اداکارہ بھی ہیں۔