فرانس میں دائیں بازو کی انتہا پسندی کے خلاف مظاہرہ

June 14, 2021

پیرس (این این آئی )فرانس میں ایسے ہزارہا شہریوں نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیا، جن کا کہنا ہے کہ ملک میں دائیں بازو کے انتہا پسندوں کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس آزادی مارچ کی اپیل فرانسیسی ٹریڈ یونینوں کے علاوہ بائیں بازو کی سو سے زیادہ تنظیموں نے کی تھی۔ مظاہرین نے خطرناک سیاسی اور سماجی ماحول کے ساتھ ساتھ نسل پرستی اور سامیت دشمن حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مذمت کی۔ منتظمین نے ان مظاہروں میں دارالحکومت پیرس میں 70 ہزار اور فرانس بھر میں کل ڈیڑھ لاکھ افراد کی شرکت کا اندازہ لگایا تھا۔ تاہم پولیس اور ملکی وزارت داخلہ کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں کیے گئے ان مظاہروں میں تقریباً 40 ہزار شہریوں نے شرکت کی۔