حرا مانی کاجعلی انسٹا فالوورز خریدنےسے متعلق سوال پر دلچسپ جواب

June 14, 2021

معروف پاکستانی ادکارہ و میزبان حرا مانی نے جعلی انسٹا فالوورز خریدنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا دلچسپ انداز میں جواب دیا ہے۔

حرا مانی نے جیونیوز کے اسپیشل پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ میں بطور مہمان شرکت کی۔

مختلف سوشل میڈیا پیجز پر حرامانی کی جیونیوز کے پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ سے ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہی ہے، مداح حرا مانی کے جعلی انسٹا فالوورز خریدنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر دلچسپ انداز میں جواب دینے کی بہت تعریفیں کر رہے ہیں۔


شو کے میزبان شہزاد اقبال نے حرا کا انٹرویو کرتے ہوئے سوال پوچھا کہ ’لوگ انسٹا پر پیسے کے ذریعے جعلی فالوورز خریدتے ہیں؟‘

شہزاد اقبال کے سوال پوچھنے کے انداز پر حرا نے چونک کر کہا کہ '’اس خبر کے ساتھ ہم لیتے ہیں چھوٹا سا بریک۔‘

جس پر شہزاد اقبال نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ کوئی خبر ہے، تو جواباََ حرا مانی نے ہنستے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے یہ خبر دی ہے یا سوال کیا ہے۔

جس پر شہزاد اقبال نے پھر سے واضح سوال کیا کہ ’پاکستانی انڈسٹری میں کون جعلی فالوورز خریدتاہے؟‘

حرا مانی نےجواب دیتے ہوئے کہا کہ ’انڈسٹری میں کیا اب تو باہر بھی لوگ خریدتے ہیں۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’مجھے نہیں پتا کون خریدتا ہے کون نہیں ، لیکن یہ اچھی چیز ہےخریدنی چاہیے۔‘

جواب سن کر شہزاد اقبال نے کہا کہ ’ماحول تو آپ نےایسا بنا دیا تھا کہ ابھی آپ دو چار نام لے لیں گی۔‘

جس پر حرا نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ بس ایسی تو ہوں میں، مجھے کہتے ہیں حرا مانی۔

واضح رہے کہ چلبلی، نٹ کھٹ اور ہر دلعزیز اداکارہ حرا مانی سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹس اور کیپشنز سے متعلق خوب جانی جاتی ہیں، اُن کی پوسٹ سے زیادہ دلچسپ اُن کے کیپشنز ہوتے ہیں جن سے اُن کے مداح خوب محظوظ ہوتے ہیں۔