ملازمین ڈیوٹی ایمانداری سے ادا کریں، سی ٹی او

June 15, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر ) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت نو تعینات انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا معظم جاہ انصاری کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ٹریفک ہیڈکوارٹرز عبداالسلام خالد‘ ایس پی کینٹ امان اللہ‘ ایس پی سٹی اور ڈی ایس پیز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا کہ ٹریفک افسران اور اہلکار نو تعینات آئی جی معظم انصاری کے وژن خدمت‘ دیانت‘عزت اور محنت کی پالیسی پر عمل پیرا ہو کر ڈیوٹی انجام دیں اور کسی بھی قسم کی غفلت نہ برتیں اس سلسلے میں ٹرن آؤٹ بالکل برابر رکھیں اور سلام کلام کی پالیسی کو اپناتے ہوئے خوش اخلاقی سے پیش آئیں تاکہ محکمے کا وقار برقرار رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک حکام اور اہلکار بلا تعطل ٹریفک نظام کی روانی یقینی بنانے کے لئے چوکس رہیں اور اپنی ڈیوٹی نہایت ہی ایمانداری سے ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے جاری مہمات میں تیزی لائی جائے۔ اور اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔