اب تک یقین نہیں آتا کہ سشانت ہم میں نہیں ہے: سارہ علی خان

June 15, 2021

بھارتی اداکارہ سارہ علی خان نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے سشانت سنگھ راجپوت کی موت کو ایک سال گزرجانے پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یقین نہیں ہوتا کہ آپ ہم میں نہیں ہیں۔

سارہ علی خان نے لکھا کہ ’جب بھی مجھے مدد ، مشورے یا ہنسی کی ضرورت ہوتی تھی آپ ہمیشہ موجود رہتے تھے۔ آپ نے مجھے اداکاری کی دنیا سے متعارف کرایا۔‘


انہوں نے سشانت کیلئے لکھا کہ ’سشانت نے مجھے یہ باور کرایا کہ خواب سچ ہو سکتے ہیں ، اور مجھے وہ سب کچھ دیا جو آج میرے پاس ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ میں آج بھی یقین نہیں کرسکتی کہ آپ ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن یقین مانیے میں جب بھی طلوع ہوتے سورج یا ستاروں کو دیکھتی ہوں تو یہی سوچتی ہوں کہ آپ ہم میں ہی موجود ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس سشانت سنگھ نے خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا، ان کے چاہنے والوں نے گزشتہ روز اداکار کو سوشل میڈیا پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔