شاہ رخ خان کے ہم شکل ابراہیم قادری کی کنگ خان سے ملنے کی خواہش

June 15, 2021

بھارتی ریاست گجرات کے علاقے جونا گڑھ سے تعلق رکھنے والے بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ہم شکل ابراہیم قادری کی خواہش ہے کہ وہ بالی ووڈ کے کنگ خان سے ملیں۔

چھوٹے سے قصبے سے تعلق رکھنے والے ابراہیم ہورڈنگ پینٹر ہیں، اور ان سے جو بھی ملتا ہے تو کہتا ہے کہ آپ بالکل شاہ رخ خان جیسے ہیں، ابراہیم نے اس تاثر کو مزید راسخ کرنے کے لیے اپنے بالوں کا انداز شاہ رخ کی 1992 کی فلم دیوانہ جیسا بنا رکھا ہے۔

ادھر شاہ رخ خان کے پرستاروں نے جب سے ابراہیم کو دیکھا ہے تب سے وہ سوشل میڈیا پر ان کی تصاویر پوسٹ کررہے ہیں، اور ابراہیم انٹرنیٹ سپر اسٹار بن چکے ہیں۔

ابراہیم کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ اس جانب زیادہ توجہ نہیں دیتے تھے لیکن 2017 میں جب وہ پہلی بار ممبئی گئے، تو شاہ رخ خان کے بڑے فین ہونے کی وجہ سے وہ شاہ رخ کے گھر کے قریب گئے تاکہ انکی ایک جھلک دیکھ سکیں۔

تاہم انھیں دیکھ کر لوگ انکے گرد جمع ہوگئے۔ اور شاہ رخ کا سیکورٹی اسٹاف انکی حفاظت کے لیے آگیا، تب مجھے اندازہ ہوا کہ میں شاہ رخ سے کس قدر ملتا ہوں، جس کے بعد سے میں نے ان کی طرح ڈریسنگ شروع کی، اور بھارت بھر میں شوز اور ایونٹس میں شرکت کرنا شروع کیا۔