بجٹ سے بد حواسی کا شکار اپوزیشن کو 440واٹ کا دھچکا لگا، فردوس عاشق

June 16, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب کے بجٹ سے بد حواسی کا شکار اپوزیشن کو چار سو چالیس واٹ کا دھچکا لگا،ن لیگ کی رہنما عظمٰی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کا کام بجٹ میں تبدیلیاں کرانا نہیں حکومتی غلطیوں کی نشاندہی کرنا ہے ،کالمسٹ اور تجزیہ کار یاسر پیر زادہ نےکہا کہ نوجوان روایتی سیاست سے متاثر نہیں ہوں گے۔معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غریب دوست ،مزدور اور چھوٹے طبقے کی تمام مشکلات کے حل سے جڑا ٹیکس فری بجٹ پیش کیاجو واضح طورپر پنجاب کے عوام کے لئے ریلیف اور مفادات سے جڑا ہے ، پنجاب کے بجٹ سے بد حواسی کا شکار اپوزیشن کو چار سو چالیس واٹ کا دھچکا لگا ہے، عوام کے دکھوں کے مداوے کے لئے اگر اپوزیشن نیک نیتی سے کچھ کرنا چاہتی ہے تواس بجٹ میں تجاویز دے ہم ان کو رہنما اصول سمجھتے ہوئے آپ کے ساتھ کھڑے ہوں گے ، لیکن اس شور شرابے سے پنجاب کا بجٹ نہیں روکا جا سکتا ۔