ٹرانسفارمر سےزیادہ وولٹیج آنے پر قیمتی برقی اشیاء جل گئیں

June 17, 2021

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) میڈیا ٹائون اے بلاک میں سٹریٹ نمبر اکیس کا ایک برس سے اذیت کا باعث بننے والے ٹرانسفارمر سے گزشتہ شام وولٹیج انتہائی زیادہ آنے کے باعث لوگوں کی قیمتی برقی اشیاء جل گئیں۔ متاثرین نے بتایا کہ گزشتہ ایک برس سے بجلی کے اچانک آنے جانے کی شکایات متعلقہ حکام کو کی جاتی رہی مگر ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، گزشتہ روز شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب وولٹیج انتہائی زیادہ آنے کے باعث متعدد صارفین کی قیمتی اشیاء جل گئیں جس پر متاثرین نے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عملے کی بے حسی کے باعث گزشتہ روز لوگوں کو ہزاروں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، متاثرین نے وفاقی وزیر اور چیف ایگزیکٹو آئیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ غیرذمہ داری کے مرتکب حکام کیخلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے اس مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔