سی ڈی اے کاسینٹری سٹاف کی سوشل سکیورٹی اور ای اوبی آئی رجسٹریشن کا حکم

June 17, 2021

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں صفائی پر مامور سینٹری سٹاف کی سوشل سکیورٹی اور ای اوبی آئی سے فوری طور پر رجسٹریشن کا حکم دیدیا ہےتاکہ بیماری کی صورت میں سوشل سکیورٹی ہسپتال میں مفت علاج معالجہ کی سہولت اور ساٹھ سال کی عمر کے بعد بڑھاپے کی پنشن مل سکے۔ اس حوالے سے سینٹری سٹاف کے تمام ٹھیکیداروں کو حکم جاری کردیا گیا ہے۔حال ہی میں سی ڈی اے بورڈ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا تھا کہ کنٹریکٹ کے ذریعے جب سینٹری لیبر فورس لی جائے گی تو ٹھیکیدار کیلئے یہ ضروری ہو گا کہ وہ سوشل سیکورٹی اور ای او بی آئی سے سے رجسٹرڈ ہو۔ مزید برآں سی ڈی اے نے اب جھاڑو اور دوسرے الاؤنس بھی باقاعدگی سے دینا شروع کر دیے ہیں اور ٹھیکیداروں کو بھی پابند کیا جائے گا کہ ان کو یونیفارم وقت پر مہیا کیے جائیں۔