ڈیفنس میں پالتو کتوں نے ایڈووکیٹ مرزا اختر کو بھنبھوڑ ڈالا،شدید زخمی

June 22, 2021

ڈیفنس،پالتو کتوں نے ایڈووکیٹ مرزا اختر کو بھنبھوڑ ڈالا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )آوارہ کتوں کے بعد پالتو کتے بھی شہریوں کےلیے عذاب بننے لگے، ڈیفنس میں ایڈووکیٹ مرزا اختر علی کو پالتوکتوں نے بری طرح بھنبھوڑ ڈالا اور شدید زخمی کردیا، کتوں کو بغیر رسی باندھے گھمایا جارہا تھا ، کتوں کےرکھوالے مرزا اختر علی کو زخمی حالت میں چھوڑکر فرار ہوگئے ، واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور دونوں ملازمین گرفتار کرلئے گئے تاہم مالک نے ضمانت کروالی۔ تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت اور سحر کے درمیان پالتو کتوں نے شہری کو بھنبوڑ دیا،ایڈوکیٹ مرزا اختر علی 16جون کی صبح اپنے گھر سے واک کرتے ہوئے اسٹریٹ نمبر14پر پہنچے تو ایک لڑکا دو کتوں کو بغیر رسی باندھے گھما رہا تھا ،اس دوران کتوں نے اچانک مرزا اختر علی پر حملہ کر دیا ۔ واقعہ کی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایڈوکیٹ اختر علی سڑک پر واک کر رہے ہیں،اس دوران گھر کے باہر موجود 2 پالتو کتوں نے ان پر حملہ کر دیا۔دونوں کتوں نے انھیں شدید زخمی کیا، کتوں کے کاٹنے سے انکے بازو پر گہرا زخم آیا جبکہ زمین پر گرنے کی وجہ سے انکی کلائی پر بھی چوٹ آئی۔کتوں کی رکھوالی پر موجود ملازمین بھی کتوں کو نہ روک پائے۔واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 414/21زیر دفعہ 289/337/34 کے تحت مدعی مرزا اختر علی کی مدعیت میں درخشان تھانے میں درج کیا گیا ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ واقعہ کے بعد کتوں کے رکھوالے انھیں اسی حالت میں چھوڑ کر بنگلہ نمبر 53/3کے اندر چلے گئے،انکا خون بہہ رہا تھا جسکے بعد وہاں سے گزرنے والے ایک گارڈ ڈرائیور نے انھیں اسپتال پہنچایا، مقدمہ میں انہوں نے بتایا کہ ہمایوں خان نامی شخص کے گھر پر پالتو کتے رکھے ہوئے ہیں جنہوں نے مجھ پر حملہ کیا اور کتوں کو ہمایوں خان کے نوکر فہد علی اور علی بغیر حفاظتی رسی باندھے گھمانے کیلئے لیکر گئے، مجھے شدید زخمی کرنے کے بعد نہ ہی انہوں نے مجھے بچایا اور نہ ہی میری مدد کی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنگلہ مالک اور اسکے نوکروں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے ، درخشاں پولیس نے بتایا کہ مالک نے اپنی ضمانت کروالی تھی جبکہ دونوں ملازمین گرفتار کر لیا گیا ہے۔