خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس تیار، درخواست ضمانت کی سماعت آج پھر

June 22, 2021

لاہور ( نمائندہ جنگ) خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس تیار کرلیا گیا،لاہور ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کی غیر قانونی اثا ثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں دائر درخواست ضمانت پر سماعت آج تک کے لیے ملتوی کر دی ، خواجہ آصف کے وکیل آج بھی دلائل دیں گے ان پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے،نیب نے کہا کہ ان کی آمدن21اخراجات 43اور اثاثے40 کروڑ ہوگئے، عدالت نے نیب سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق رپورٹ طلب کررکھی ہے۔سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ ن کے سئینر رہنما خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس حتمی منظوری کےلیے چیرمین نیب کو بھجوا دیا گیا ہے، نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف پر منی لانڈرنگ، آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے چیئرمین نیب نے 4 ستمبر 2018ء کو خواجہ آصف کیخلاف انکوائری کی منظوری دی، جبکہ خواجہ آصف کو 29 دسمبر 2020ء کو گرفتار کیا گیا اور کیس کی تحقیقات ابھی بھی جاری ہیں، خواجہ آصف جب 1991ء میں سینیٹر بنے تو انکے پاس 3 ہزار مربع گز کا گھر تھا، 1993ء میں خواجہ آصف کے کل اثاثے 51 لاکھ روپے کے تھے پبلک آفس ہولڈ کرنے کے بعد 2018ء تک خواجہ آصف کے کل اثاثے40 کروڑ 40 لاکھ روپے تک پہنچ گئے، نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف نے 1987ء سے 2018ء تک 21 کروڑ 3 لاکھ 93 ہزار کی آمدن حاصل کی 1997ء سے 2018ء کے دوران خواجہ آصف نے 43 کروڑ 94 لاکھ 62 ہزار روپے کے اخراجات ظاہر کئے، اور 1997ء سے 2018 تک خواجہ آصف نے تنخواہ کی مد میں 2 کروڑ 97 لاکھ 17 ہزار روپے وصول کئے جبکہ 1997ء سے 2018 تک خواجہ آصف نے کاروبار سے 8 کروڑ 21 لاکھ 86 ہزار کی آمدن وصول کی، خواجہ آصف کی اہلیہ نے تنخواہ کی مد میں 1 کروڑ 7 لاکھ 92 ہزار روپے 1997ء سے 2018ء کے دوران وصول کئے، خواجہ آصف نے اپنے اہلخانہ کے نام پر مختلف جائیدادیں بنائیں اور سرمایہ کاری بھی کی جبکہ خواجہ آصف نے اپنی آمدن کا مرکزی ذریعہ دبئی کی ایمکو کمپنی کو قرار دیا، لیکن اس کمپنی سے تنخواہ منتقلی کا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا، خواجہ آصف نے اسی کمپنی کی ملی بھگت سےدبئی کا اقامہ بنوایا، جس پر نیب لاہور نے ایمکو کمپنی کے ایم ڈی الیاس صلوم کو طلب کیا مگر وہ شامل تفتیش نہیں ہوا،خواجہ آصف نے منی لانڈرنگ کے الزامات کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔