اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی نجی اسپتال منتقلی کی درخواست مسترد کردی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکمنامہ جاری کردیا، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو نے فیصلہ جاری کیا۔
حکمنامے میں چیف کمشنر کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیتے ہوئے ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر ندیم قریشی کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی، ہائیکورٹ نے جیل رولز کے مطابق فیملی کو آگاہ کرنے کا حکم بھی دیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ میڈیکل بورڈ اپنی رپورٹ چیف کمشنر کو دے گا، چیف کمشنر رپورٹ کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے، جیل رولز کے مطابق جیل حکام کا قیدی کی سیریس میڈیکل کنڈیشن سے متعلق فیملی کو بتانا ضروری ہے، جیل حکام فیملی کو آگاہ کرنے کے حوالے سے جیل رولز پر قانون کے مطابق عمل کریں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ جیل رولز کے مطابق حکومت کے پاس قیدی کو علاج کیلئے جیل سے باہر منتقلی کا اختیار ہے، یہ عدالت ایگزیکٹیو کے اختیار میں مداخلت نہیں کر سکتی، جیل حکام کی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت میں بہتری بتائی گئی ہے، جیل ملاقاتوں کے حوالے سے لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے اسی کے مطابق عمل کیا جائے۔