وزارت خزانہ کی ایف اے ٹی ایف سے متعلق خبروں پر وضاحت

June 23, 2021


وزارت خزانہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے بارے میں خبروں پر وضاحت جاری کی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے فرانس پاکستان کا متحرک شراکت دار ہے۔

وزارت خزانہ نے وضاحت میں کہا کہ فرانس نے ایکشن پلان کے اطلاق کے لئے پاکستان کو رہنمائی اور تکنیکی تعاون فراہم کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کو ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے اعلیٰ سیاسی سطح کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق پاکستان نے گزشتہ 2 سالوں میں ایکشن پلان پر موثر اور تیزتر عمل درآمد کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کی کارکردگی کو بین الاقوامی برادری نے بھی سراہا ہے، میڈیا ایف اے ٹی ایف سے متعلق قیاس آرائیوں اور نامکمل خبروں سے اجتناب کرے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق ایسی قیاس آرائی پر مبنی خبروں سے عالمی تعاون کو نقصان پہنچ سکتا ہے، پاکستان سے متعلق ایف اے ٹی ایف فیصلہ 25 جون کے پلینری اجلاس کے بعد ہوگا۔